ٹنڈوالہٰیار، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد افراد گر فتار

99

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) ٹنڈوالہٰیار میں لاک ڈاؤن، کاروباری وتجارتی مراکز، ہوٹل، ریسٹورنٹس، کلب، پارکس بند، سڑکوں پر ویرانی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا گشت جاری۔ سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے وبائی امراض ایکٹ کے تحت اعلان کردہ لاک ڈاؤن پر ٹنڈوالہٰیار سمیت چمبڑ، سلطان آباد، نصرپور، عثمان شاہ ہڑی، بکیرا شریف میں بھی عمل کیا جارہا ہے، شہری گھروں میں محدود ہیں اور ٹنڈوالہٰیار شہر کے تمام تجارتی و کاروباری مراکز، بازار، ہوٹلز ریسٹورنٹس، پارکس، دفاتر، کلب بند ہیں جبکہ مرغی، گوشت، مچھلی، اور سبزی مارکیٹ اور دودھ و دہی اور کریانے کی دکانیں کھلی ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بند ہے اور سڑکیں مکمل طور پر سنسان نظر آرہی ہیں، تاہم سڑکوں پر پولیس، رینجرز و دیگر قانون نافذ کرنے والوں اداروں کا گشت جاری ہے جبکہ دوسری جانب ٹنڈوالہٰیار پویس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو گر فتار بھی کیا جبکہ کورونا وائرس سے بچائو کے سلسلے میں سندھ حکومت کے واضح احکامات پر سندھ کے دیگر اضلاع کی طرح ٹنڈوالہٰیار اضلاع میں بھی پولیس کی جانب سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کو وارننگ دی جارہی ہے، انہیں آگاہ کیا جا رہا ہے کہ خود کو آئسولیٹ کریں اور گھروں تک محدود رکھیں، باہر نہ نکلیں، خود بھی بچیں اور اپنے گھر والوں، اہل محلہ، دوستوں کو بھی اس وبا سے بچایا جاسکے۔ ترجمان کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں میں پولیس کا گشت جاری ہے اور ٹنڈوالہٰیار پویس کے ایس ایچ اوز کے ساتھ ساتھ ایس ایس پی اور دیگر افسران سڑکوں پر گشت کر تے رہے اور پولیس کی جانب سے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔