شہری دکانوں پر غیر ضروری ہجوم سے گریز کریں، عبدالوحید شیخ

110

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ نے کہا ہے کہ افسوس سے احتیاط بہتر ہے، چند احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے خود کو اپنے گھر والوں اور اپنے معاشرے کو کورونا وائرس سے بچایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی جی پولیس ذوالفقار لاڑک کے ہمراہ لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے میرپورخاص شہر کے بلدیہ مارکیٹ، سبزی مارکیٹ، سول اسپتال چوک، ریلوے اسٹیشن چوک، پولیس شہدا چوک، میر کالونی، سومرہ محلہ، چاندنی چوک، چونا فیکٹری موڑ، رنگ روڈ، غریب آباد، عمرکوٹ روڈ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کھلنے والی فروٹ، سبزی، دودھ، بیکری، گوشت، کریانہ کی دکانوں، میڈیکل و جنرل اسٹوروں کے مالکان اور دکانوں پر کام کرنے والے مزدوروںکو ہدایت کی کہ ماسک لازمی پہنیں اور خریداری کرنے والوں کو بھی ماسک پہننے کو مشورہ دیں دکانوں پر غیر ضروری ہجوم سے گریز کریں عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اپنا کردار ادا کریں محکمہ صحت کی جانب سے جاری کی گئیں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ گھر سے غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس ذوالفقار لاڑک نے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت کی کہ لوگوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے روکا جائے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر میرپورخاص غلام حسین کانہیو اورد یگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دوسری جانب شہری خصوصاً بچے اور منچلے نوجوان گلی محلوں میں کھیلتے اور غیر ضروری طور پر سڑکوں پر گھومتے دکھائی دیے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو مزید سختی کرنا ہوگی تا کہ اس خطرناک وائرس سے بچا جاسکے۔