تاجرذخیرہ اندوزی سے باز رہیں ،سخت اقدامات کریں گے ،محمداسماعیل

239

سجاول (رپورٹ : حفیظ الرحمن میمن رحمانی) حالات مشکل ہیں مگر حوصلے بلند ہیں، ملک پر کورونا وائرس کی آئی ہوئی آفت کو بہادری کے ساتھ نمٹنے کی ضرورت ہے۔ ان شاء اللہ یہ مشکل وقت جلد ہی ختم ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سجاول محمد اسماعیل نے دربار ہال میں کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر روز مرہ کے استعمال کی اشیا کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے،منافع خوری وذخیرہ اندوزی کے خاتمے اور عوام میں آگاہی بیدار کرنے کے سلسلے میں سجاول کے تاجر تنظیموں کے نمائندوں کا ایک اجلاس دربار ہال میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سجاول نے کہا کہ کورونا وائرس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کسی بھی تاجر نے ذخیرہ اندوزی کی تو ان کیخلاف سخت قدم اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب یا اخلاقیات ذخیرہ اندوزی کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس عالمی وبا بن گیا ہے، ملک با الخصوص صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ضلع میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے کچھ مفاد پرست فائدہ حاصل کرنے کے لیے ذخیرہ اندوزی ومنافع خوری کررہے ہیں، اس عمل کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا، اس مشکل صورتحال میں ضلع کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے روزمرہ کے استعمال کی اشیا کی مناسب قیمت پردستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دی گئی ہدایات پر مکمل عملدر آمد کرانے میں عوام و تاجر برادری انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تاجر تنظیموں نے ہمیشہ ضلع انتظامیہ سے تعاون کیا ہے اور امید ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوام میں آگاہی بیدار کرنے کے لیے بھی تاجر تنظیمیں اپنا بھرپور تعاو ن فراہم کریں گی۔ اس موقع پر حاجی محمد میمن، حافظ ریاض میمن، نیاز احمد میمن، غلام محمد و دیگر تاجر تنظیموں کے رہنماؤں نے انتطامیہ سے مکمل تعاون کے ساتھ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آگاہی بیدار کرنے اوردیگر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سردار ریاض حسین لغاری، ڈی ایچ او جاوید احمد بھٹو، اسسٹنٹ کمشنر سجاول نظام الدین جتوئی، اسسٹنٹ کمشنر میرپور بٹھورو غلام حیدر خاصخیلی، اسسٹنٹ کمشنر شاہ بندر محمد علی خواجہ، ڈی ایس پی پولیس گل عباس مغل اور بیورو سپلائی پرائسز عبدالرشید میمن، تاجر تنظیموں کے نمائندگان اور متعلقہ اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔