کمپنیوں کی آمدن میرے ذاتی اثاثے نہیں، جہانگیر ترین

155

اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کے معتمد خاص اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے موجودہ دور حکومت میں آمدن سے زاید اثاثے بڑھنے سے متعلق میڈیا رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ۔اپنے ایک وضاحتی بیان میں جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ کمپنی جے ڈی ڈبلیو کے کل ریونیو کو ان کی ذاتی آمدن ظاہر کر کے پیش کیا گیا ہے جو بالکل نامناسب اور حقائق کے برعکس ہے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ 2018ء میں ان کمپنیوں کی سالانہ آمدن 57 ارب تھی جبکہ2019 ء میں کم ہو کر 48 ارب روپے رہ گئی ،ان کمپنیوں کے اثاثے اور آمدن میرے ذاتی اثاثے نہیں ،میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں ، ان رپورٹس میں کوئی سچائی نہیں، انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کے اثاثے اور آمدن میرے ذاتی اثاثے تصور نہیں کیے جا سکتے۔جہانگیر ترین نے کہا کہ ان کی کمپنیوں جے ڈی ڈبلیو کے اکیلے وہ
مالک نہیں ہیں بلکہ دیگر افراد بھی ان کی کمپنیوں کے شیئرز رکھتے ہیں اس لیے کمپنیوں کی آمدن اوراؔضافے کو ان کی ذاتی آمدن کسی بھی صورت تصور نہیں کیا جاسکتا۔ واضح رہے کہ کچھ میڈیا سیکشن میں ایسی خبریں آئی تھیں کہ موجودہ دور حکومت میں جہانگیر ترین کے اثاثوں کی مالیت 37ارب سے بڑھ کر 57ارب روپے ہوگئی ہے۔