عوام کو صاف پانی، صحت اور روڈ جیسی بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں

170

بدین (نمائندہ جسارت) چیئرمین پیٹرولیم سوشل ڈیولپمنٹ کمیٹی بدین و رکن وقومی اسمبلی میر غلام علی تالپور نے کہا ہے کہ پیٹرولیم سوشل ویلفیئر فنڈ کے تحت چلنے والی اسکیمیں جلد از جلد مکمل کر کے لوگوں کو تعلیم، پینے کے صاف پانی، صحت اور روڈ جیسی بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں، عدالت عظمیٰ نے سختی سے حکم جاری کیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ کام ان تحصیل میں کروائیں جائیں جہاں سے گیس اور تیل نکل رہا ہے۔ میری ذمے داری ہے کہ عوام کا پیسہ ایسی جگہ خرچ کروں جہاں سے انہیں زیادہ سے زیا دہ فائدہ ہو۔ انہوں نے ایجوکیشن ورکس، ہائی ویز، پبلک ہیلتھ محکموں کے انجینئرز کو ہدایت کی کہ اسکیمیں وقت مکمل کیا جائے اور کام کا معیار بہتر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کام میں کوتاہی برتنے والے انجینئر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سارے کام کی نگرانی وہ خود کریں گی جس میں کمیٹی کے ممبران بھی شامل ہوں گے، کمیٹی کی جانب سے لاڑ یونیورسٹی بدین کیمپس کے لیے دو بسوں کے ساتھ صحت مراکز کے لیے ایمبولنس کی خریداری کی بھی منظوری دی گئی۔ کمیٹی کی جانب سے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سول اسپتال بدین جو ایک سو بستر پر مشتمل ہے اس کے لیے سندھ حکومت سے الگ بجٹ لے کر انڈس اسپتال سے الگ کر کے 24 گھنٹے چلایا جائے تاکہ لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات مہیا کی جاسکے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بدین ڈاکٹر حفیظ احمد سیال، ایم پی اے حاجی تاج محمد ملاح، میر اللہ بخش تالپور پیپلز پارٹی ضلع بدین کے صدر حاجی رمضان چانڈیوو دیگر بھی موجود تھے۔