گورنرسے عرفان اللہ مروت اورڈائریکٹرجنرل آڈٹ سندھ کی ملاقات

248

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے نائب صدر عرفان اللہ خان مروت اورڈائریکٹرجنرل آڈٹ سندھ میاندادراہوجو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سندھ کے لیے وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، معیشت میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات اور صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میاندادراہوجو نے آڈٹ رپورٹس پیش کیں۔عرفان اللہ مروت سے ملاقات میں گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے تاکہ صوبہ کی تیز رفتار تعمیر و ترقی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم تمام سیاسی نمائندوں کی بھرپور شمولیت چاہتے ہیں۔جی ڈی اے کے نائب صدر عرفان اللہ خان مروت نے کہا کہ صوبہ کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے کیونکہ ایسا کرنا صوبہ کے وسیع تر مفاد میں ہے۔علاوہ ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ڈائریکٹر جنرل آڈٹ سندھ میانداد راہو جو نے گورنر ہائو س میںملاقات کی اور انہیں اپنے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے آگا ہ کیا۔ ملاقات میں عوامی فنڈز کے بروقت آڈٹ، اس کے استعمال میں شفافیت کو یقینی بنانے کے اقدامات اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آڈٹ کی مجموعی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عوامی فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے ضمن میں محکمہ آڈٹ کا کردار اہمیت کا حامل ہے ، سرکاری فنڈز عوام کی امانت ہوتے ہیں اور ان کے درست اور شفاف استعمال کے ذریعے انہیںبنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکتی ہے۔