حیدرآباد کے شہریوں کا نیاز اسٹیڈیم کو قبضہ مافیا سے بچانے کامطالبہ

187

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سماجی رہنما عبدالجبار رحمانی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیاہے کہ وہ حیدرآبادنیازاسٹیڈیم کو تباہی سے بچانے کے لیے فوری احکامات دیں ورنہ حیدرآبادکے قبرستانوں کی طرح نیازاسٹیڈیم پر بھی قبضہ مافیاکا قبضہ ہوجائے گا۔ انہوں نے سول سوسائٹی کے ہمراہ نیاز اسٹیدیم کی اس اراضی کا معائنہ کیا جہاں گزشتہ دنوں غیرقانونی طور پر نیاز اسٹیڈیم میں تعمیرات کی غرض سے کھدائی کا کام جاری تھا، ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حیدرآباد کے قبرستانوں کی اراضی، تاریخی عمارتوں، ثقافتی ورثے اور انٹرنیشنل کرکٹ کے افق سے حیدرآباد کو مٹانے کی سازش کی جارہی ہے۔ اسی تسلسل میں اسپورٹس بورڈ کے آفیسر مبینہ طور پر نیاز اسٹیدیم کی زمین پر قبضہ کرکے غیرقانونی تعمیرات کے لیے بڑے پیمانے پر کھدائی کرارہے ہیں، اس سے نیاز اسٹیڈیم اور اس کی زمین کو نقصان کا احتمال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور نظامت میں ضلع ناظم حیدر آباد نے نیاز اسٹیدیم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کو بلا معاوضہ تحفتاً دے دیا تھا مگر اس کے بعد PCB نے اس اسٹیڈیم کو کرکٹ ٹیسٹ میچ اور ون ڈے میچز کے لیے استعمال کرنا تھا مگر ایک سازش کے تحت اس بین الاقوامی شہرت یافتہ نیاز اسٹیڈیم کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا ہوا ہے۔ پاکستان میں تسلسل سے بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی مہم کے سلسلے میں بین الاقوامی کرکٹ کے کئی میچز کراچی اور لاہور میں کیے جارہے ہیں جبکہ حیدر آباد نیاز اسٹیڈیم کی موجودگی بلاجواز دوسرے شہروں میں ایک سے زائد میچ کرانا کہاں کی دانش مندی ہے۔ حیدرآباد کے لورز یہ سمجھنے میں حق بجانب ہیں کہ حیدرآباد سے کرکٹ اور کرکٹ گرائونڈ کی بربادی میں افسر شاہی کا ہاتھ ہے، جبھی تو نیاز اسٹیڈیم میں ایک سے زائد بار نیاز اسٹیڈیم کی زمین پر قبضہ اور غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے، جس پر وزیر اعظم پاکستان کو ازخود نوٹس لینا چاہیے اگر ایسا نہیں ہوا تو حیدر آباد کے عوام یہ سمجھنے میں حق بجانب ہوں گے کہ حیدر آباد کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک برسوں سے جاری ہے، تبدیلی اس دور میں بھی جاری ہے۔ اس موقع پر ساجد علی خان، کاشف صدیقی، حکیم شریف، اشتیاق احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔