حکومت اور اپوزیشن احتساب کا نظام ختم کرنا چاہتی ہیں، لیاقت بلوچ

143

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر احتساب کے نظام کو ختم کرنا چاہتی ہیں ، دونوں مصلحتوں کا شکار ہیں ۔ اپوزیشن ہر اہم موقع پر حکومت کے ساتھ مل جاتی ہے ، اپنے مفادات کے لیے یہ پورے نظام کو تہ و بالا کر رہے ہیں ۔ حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ پنجاب جتنا بڑا صوبہ ہے ، یہاں اتنا ہی بڑا عجوبہ ہے ۔ قوم جان گئی ہے کہ ان تلوں میں تیل نہیں ۔ ملک سیاسی ، معاشی اور سماجی بحرانوں سے دوچار ہے ۔ ان حالات میں صرف جماعت اسلامی عوام کی آواز ہے اور عوامی مسائل حل کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ عوام نے ماضی کی حکومتوں کی ناکامی کی وجہ سے عمران خان حکومت کو تسلیم کیا لیکن پی ٹی آئی حکومت سے لگائی گئی تمام امیدیں اور توقعات دم توڑ چکی ہیں ۔ مایوسی اور ناامیدی نے ہر طرف ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔ آئی ایم ایف نے ملک کے پورے معاشی نظام پر قبضہ کر رکھاہے ۔ حکومت خود مختاری کے باعزت راستے کی طرف آنے کو تیار نہیں ۔400 ارب ڈالر کی لوٹی گئی دولت کی واپسی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا جارہا ۔ وفاقی حکومت چند ووٹوں کے سہارے پر کھڑی ہے حکومتی اتحادی آپس میں گتھم گتھا ہیں ۔ خود حکومتی پارٹی کے اندر بغاوت ابھر رہی ہے اور وزرا وزیراعظم کی کسی بات کو درخور اعتنا نہیں سمجھتے ۔ انہوںنے کہاکہ ان حالات میں صرف جماعت اسلامی امید کی کرن ہے جو نظام کو درست کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔