کرپشن اور مہنگائی کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہے،سراج الحق

152
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق منصورہ میں تعلیم کی بہتری کیلیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کرپشن اور مہنگائی کورونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ہے ۔ مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ کئی افراد اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر چکے ہیں ۔ حکومت نے دعوئوں میں تمام سابق حکومتوں کو پیچھے چھوڑ دیا مگر عملی اقدامات خورد بین سے بھی نظر نہیں آتے ۔ چیف جسٹس نے نیب کی حقیقت کھول کر رکھ دی ہے ۔ گورنرا سٹیٹ بینک زرعی ملک کی زراعت کی زبوں حالی کا مژدہ سنا رہے ہیں ۔ حکومت نے ریلوے سمیت تمام قومی ادارے تباہ کردیے ہیں ۔ تعلیمی ترقی کے بغیر ملکی ترقی و خوشحالی کا تصور نہیں کیا جاسکتا ۔ وزیر اعظم بڑھتی ہوئی مہنگائی پرسخت برہمی کا اظہار بھی کر تے ہیں اور بجلی، گیس اور تیل سمیت قیمتوں میں اضافے پر دستخط بھی کرتے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں تعلیم کی بہتری کے لیے ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، پروفیسر محمد ابراہیم ، سید وقاص جعفری ، حافظ ساجد انور ، سید شاہد ہاشمی سمیت معروف ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کوروناوائرس کا خوف پوری دنیا میں پھیل رہاہے ۔ اس وائرس سے چین سمیت دنیا میں سیکڑوں اموات ہوچکی ہیں او ر ہزاروں لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں ۔ پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ آکراپنی زندگیوں کا خاتمہ کرنے والوں کی تعداد کوروناوائرس سے مرنے والوں سے کہیں زیادہ ہے لیکن حکومت تمام تر وعدوں اور دعوئوں کے باوجود کرپشن ، مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں اب تک ناکام ہے ۔ حکومت نے کرپشن کے خاتمے اور قومی دولت لوٹنے والوں کا کڑا احتساب کرنے کے بلند و بانگ دعوے کیے اور عوام کو سبز باغ دکھائے تھے مگر 18 ماہ گزرنے کے باوجود اس سمت کوئی ایک قدم نہیں اٹھا سکی ۔ انہوںنے کہاکہ اب تو عدالت عظمیٰ نے بھی واشگاف الفاظ میں نیب کے مظالم اور استحصال کا ذکر کیاہے اور کہاہے کہ نیب کے نااہل افسران ملزموں کو10،10 سال رگڑتے ہیں مگر فیصلہ نہیں ہوتا ۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے کرپشن کا خاتمہ اور مافیاز کو کنٹرول کرنا انتہائی ضروری ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ فلسطین کے حصے بخرے کرنے اور بیت المقدس پر اسرائیل کے مستقل قبضے کا ٹرمپ کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکے گا ۔ عالم اسلام کو اجتماعی طور پر اس فارمولے کے جواب میں فلسطین اور بیت المقدس کی مکمل آزادی کا فارمولا دینا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ ٹرمپ عالم اسلام کی پیٹھ میں چھرا گھونپنا چاہتاہے ۔ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے ، عالم اسلام کو کوئی ایسا فارمولا تسلیم نہیں کرنا چاہیے جس میں بیت المقدس کو اسرائیل کے قبضے میں دینے کی بات ہو ۔ فلسطینی صد ر نے ٹرمپ فارمولے کو صدی کاتھپڑ قرار دیاہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت فوری طور پر چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کو نکالنے اور انہیں مکمل علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات پر قوم کو اعتماد میں لے ۔ طلبہ کے خاندانوں اور عوام میں اس بارے میں سخت تشویش پائی جارہی ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مودی پاکستان پر جنگ مسلط کرنے اور اسے 8،10 دن میں دھول چٹانے کی دھمکیاں دے رہاہے اور ہمارے حکمرانوں نے ہونٹ سی رکھے ہیں ۔ جب تک مودی کو اسی کی زبان میں جواب نہیں دیا جاتا ، وہ بازنہیں آئے گا ۔