گورنر سندھ کی صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کی باتوں کی تردید

120

سکھر(آن لائن)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں سندھ حکومت کے خلاف کوئی سازش نہیں ہورہی ،میری کبھی سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے صدر یا وزیر اعظم سے بات نہیںہوئی ، سندھ میں پیپلز پارٹی کے اندر کوئی فارورڈ بلاک بن رہا ہے تو وہ پیپلز پارٹی جانے باقی کسی فارورڈ بلاک کا ہم سے کوئی رابطہ نہیں ،ہم مریم نواز کو کسی طور باہر نہیں جانے دیں گے باقی کام عدالت کا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جتوئی ہائوس سکھر میں پی ٹی آئی
رہنمائوں حلیم عادل شیخ ، حاجی دیدار خان جتوئی ، مبین جتوئی ، سردار پپو خان چاچڑ ، سید طاہر حسین شاہ و دیگر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے دنوں اسلام آباد میں سندھ کے پارلیمنٹرین نے وزیر اعظم سے ملاقات کرکے وفاقی اداروں کی عوام کے ساتھ زیادتیوں پر گلے شکوے کیے جن پر وزیر اعظم نے ایکشن بھی لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو چیف سیکرٹری اور آئی جی کے حوالے سے کوئی شکایت ہے تو وہ وزیراعظم سے بات کریں ، وزیر اعظم بلائیں گے تو انہیں جانا پڑے گا ، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے بل پر کسی کی شرط نہیں مانیں گے اور کوئی بھی جماعت اس بل کی مخالفت نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ شیروانی تیار کرانے کی باتیں لطیفہ ہیں ان ہاؤس تبدیلی کی باتیں کرنے والے خواب خرگوش کے مزے لیں۔