وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے دو مغربی پروفیسر کو رہائی دینے کا خیر مقدم کرتے ہیں،اس عمل سے فریقین کے درمیان اعتماد کی فضاءبحال ہو گی۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کہاکہ پاکستان پروفیسر کیون کنگز اور ٹموتھی ویکس کی رہائی کا خیر مقدم کرتا ہے،افغان مسئلے کا بات چیت کے ذریعے سیاسی حل کی حمایت کرتے ہیں اور رہائی سے امن عمل میں شامل تمام فریقین کا اعتماد بڑھےگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن عمل کی سہولت کاری کےلئے پرعزم ہے جبکہ عالمی امن کےلئے کوششوں اور افغانستان میں بہتری کےلئے پاکستان نے رہائی میں بھرپور کردار ادا کیا۔
افغان تنازعے کے بات چیت پر مبنی سیاسی حل کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی حمایت ہماری قومی پالیسی کا حصہ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اس پیشرفت سے فریقین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور وہ امن عمل کے جانب دوبارہ لوٹیں گے۔ پاکستان اس امن عمل میں معاونت کا پختہ عزم کئے ہوئے ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 19, 2019
وزیراعظم نے ٹویٹ میں کہا کہ تمام عالمی برادری کو مل کر امن کی کوششوں کو اور افغان عوام جن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اس کےلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تا کہ ان کی مشکلات کا خاتمہ کیا جائے۔