مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی غلامی کیلیے تیار نہیں، عبدالرشید ترابی

69

باغ(صباح نیوز)کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ دنیا اور آخرت کی کامیابی اللہ اور اس کے رسول ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہی مل سکتی ہے ،اللہ کا یہ دین تمام شعبوں میں غالب ہونے کے لیے آیا ہے،یہ امت اللہ کے دین کے قیام اور غلبے کی امین ہے ،مقبوضہ کشمیر کے اندر قربانیوں کی لازوال داستانیں محض آزادی کے لیے نہیں بلکہ اللہ کے نظام
کے غلبے اور قیام کے لیے دی جارہی ہیں ،ہمارے اسلاف نے قربانیاں دے کر یہ خطہ اسی لیے حاصل کیا تھا کہ یہاں اللہ کا دین غالب ہو گا نیکی کرنا آسان اور برائی کرنا مشکل ہو گی،مہلت عمل بڑی تیزی سے اختتام کی طرف جارہی ہے یہ موقع ہے کہ ہم اپنی ساری زندگی اللہ اور اس کے رسول ؐ کے بتائے ہوئے احکامات کے تابع کردیں،دنیا اور آخرت کی کامیابی اور بھلائی اسی میں ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے حاجی خلیل مہناس کے تعزیتی ریفرنس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو منزل تک پہنچانے کے لیے ہم سب کی ذمے داری ہے کہ اجتماعی اور انفرادی سطح پر اپنا کا م کریں ۔
عبدالرشید ترابی