جیکب آباد:جماعت اسلامی کا جہاد کشمیر مارچ 25 اکتوبر کو ہوگا،تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

109
جیکب آباد: جہادکشمیرمارچ کے سلسلے میں جماعت اسلامی کے کارکنان تیاریوں میں مصروف ہیں
جیکب آباد: جہادکشمیرمارچ کے سلسلے میں جماعت اسلامی کے کارکنان تیاریوں میں مصروف ہیں

جیکب آباد ( نمائندہ جسارت ) جماعت اسلامی جیکب آباد کے تحت 25 اکتوبر کو مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ کی قیادت میں ہونے والے جہاد کشمیر مارچ کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ رہنماؤں کے طوفانی دورے، کارکنان کا گھر گھر رابطہ کے علاوہ مارچ کے راستے سمیت شہر بھر میں پوسٹر، پینا فلیکس بینر لگانے کے ساتھ ہینڈ بلز کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد کے امیر حاجی دیدار علی لاشاری نے جہاد کشمیر مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلع بھر کے ٹھل، گڑھی خیرو، مبارکپور، نواز جاگیرو کا طوفانی دورہ کر کے پروگرام کو حتمی شکل اور عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کیلیے ذمہ داران پر زور دیا۔ حاجی دیدار علی لاشاری نے اس موقع پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہمارے لیے اس وقت زندگی و موت کا مسئلہ ہے۔ کشمیر کو جو اہم نہیں سمجھتا وہ  پاکستان اور نظریہ پاکستان کا وفادار نہیں ہے۔ سندھ سمیت ملک کو سر سبز شاداب کرنے والے سارے دریا کشمیر سے آتے ہیں۔ کشمیر مذاکرات سے نہیں بلکہ جہاد سے ہی آزاد ہوگا۔ عوام 25 اکتوبر کو جہاد کشمیر مارچ میں بھرپور شرکت کر کے بھارت کے ظالمانہ اقدامات اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں۔دوسری جانب جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کشمیر سمیت امت کی ترجمانی کی ہے۔ 25 اکتوبر کو جہاد کشمیر مارچ ان شاء اللہ جیکب آباد کی تاریخ کا بہت بڑا پروگرام ہوگا۔ یاد رہے کہ جمعہ 25 اکتوبر کو مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ کی زیر قیادت جہاد کشمیر مارچ سہ پہر 3 بجے ٹکنڈو باغ سے شروع اور ڈی سی چوک سمیت مختلف بازاروں سے ہوتا ہوا حبیب چوک پر جلسہ عام کی شکل اختیار کرجائے گا۔ جہاد کشمیر مارچ میں مرد و خواتین بچے بوڑھے سمیت ہر زندگی کے مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والے شریک ہوں گے۔