قائداعظم ٹرافی ساجد خان کی آل رائونڈر کارکردگی نے خیبر پختونخوا کو فتح دلادی

194

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں کھیلے گئے 3 روزہ میچ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ خیبرپختونخوا نیدوسری اننگز میں 127 رنز کا ہدف باآسانی3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ایک اننگز میں 92 رنز اسکور کرنے والے آل رائونڈر ساجد خان کی میچ میں 13 وکٹوں نے خیبرپختونخوا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ مہمان ٹیم نے 127 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے میچ کے آخری روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو بلوچستان کی مجموعی برتری محض 39 رنز تھی۔ خیبر پختو نخوا کی جانب سے پہلی اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے ساجد خان نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ آل رائونڈر حسیب اعظم کے علاوہ بلوچستان کا کوئی کھلاڑی بھی ساجد خان کی بولنگ کا سامنا نہ کرسکا۔ حسیب اعظم نے 45 رنز اسکور کیے۔بلوچستان کی پوری ٹیم 65ویں اوور میں 214 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں خیبرپختونخوا نے 127 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اسد آفریدی نے 61 اور کامران غلام نے 51 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم 176 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جواب میں خیبرپختونخوا نے پہلی اننگز میں 264 رنز بنا کر حریف ٹیم پر 88 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔ادھر مظفر آباد اسٹیڈیم میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلی اننگز میں فالو آن کا شکارہونے والی ناردرن کی ٹیم نے دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 49 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔اس سے قبل ناردرن کی جانب سے مڈل آرڈر بلے بازوں عمر وحید اور شعیب احمد نے149 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے گزشتہ روز کھیل کا آغاز کیا تو پوری ٹیم محض 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔عمر وحید 78 اور شعیب احمد 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ٹیم میں شامل دیگر 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ سدرن پنجاب کے مینٹور ذوالفقار بابر نے 67 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے مجموعی طور پر میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 49 رنز کا ہدف درکار تھاجو انہوں نے ایک وکٹ گنوا کر پورا کرلیا۔ سدرن پنجاب کی جانب سے آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمین ذیشان اشرف تھے۔ انہوں نے 13 رنز بنائے۔اس سے قبل ناردرن کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر سدرن پنجاب کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 306 رنز اسکور کیے۔ جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔دوسری جانب نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں خسارے میں جانے کے باوجود سندھ کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔دوسری اننگز میں 127 رنزکی برتری حاصل کرنے والی سندھ کی ٹیم دوسری اننگز میں محض 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ احمد صفی عبداللہ نے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سندھ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 50 رنز سے میچ کے آخری روزکھیل کا آغاز کیا تو سیف اللہ بنگش 32 رنز بنا کر احمد صفی عبداللہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔سندھ کا دیگر کوئی کھلاڑی بھی سنٹرل پنجاب کے اسپنر کا مقابلہ نہ کرسکا اور پوری ٹیم 53 ویں اوور میں آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئی۔ سنٹرل پنجاب کو جیت کے لیے 243 رنز کا ہدف درکار تھا۔ مہمان ٹیم نے محمد عرفان کے77 گیندوں پر ناقابل شکست 76 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ محمد عرفان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکے اور 2 چوکوں لگائے۔ عبداللہ شفیق نے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔سنٹرل پنجاب کی جانب سے احمد صفی عبداللہ اورسندھ کی جانب سے دانش عزیز نے میچ میں 8، 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے قبل سندھ کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 355 رنز بنائے تھے جبکہ سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 228 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔