نیب کو مخالف سیاسی جماعتوں کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے، شاہ محمد شاہ

100

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ ملک کے حالات انتہائی خراب ہیں، میڈیا اور مخالف سیاسی جماعتوں کیخلاف پابندیاں عائد ہیں، نیب کو مخالف سیاسی جماعتوں کیخلاف استعمال کر کے اعلیٰ قیادت کو پابند سلاسل کردیا گیا ہے، آرمی چیف کا کام سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے، ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپورخاص میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قائم مقام جنرل سیکرٹری چودھری محمد طارق، نہال ہاشمی، علی اکبر گجر، عبدالمنعم خان، راجا انصاری، چودھری سجاد حسین، آصف معراج راجپوت، فیصل معراج راجپوت اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پورے سندھ میں ورکرز کنونشن منعقد کررہے ہیں اور آج ساتواں کنونشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح میڈیا پر پابندیاں عائد ہیں اس طرح حکومت مخالف سیاسی جماعتوں پر بھی پابندیاں عائد ہیں، نیب کے ذریعے مخالف سیاسی جماعتوں کو نشانے پر رکھا ہوا ہے۔ میاں نواز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز، خواجہ برادران، شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل سمیت دیگر کو پابند سلاسل کردیا گیا ہے۔ رانا ثناء اللہ نیب کی پکڑ میں نہیں آئے تو انہیں منشیات میں دھرلیا گیا۔ ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیا گیا ہے۔ عبدالحفیظ شیخ آئی ایم ایف کا ایجنٹ ہے، ڈالر کہاں پہنچ گیا ہے، مہنگائی کا ایک طوفان ہے، عام آدمی کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔ 2018ء کے الیکشن دھاندلی شدہ تھے، جس کے نتیجے میں سلیکٹڈ حکومت قائم کی گئی ہے اور ان سے ملک نہیں چل رہا، درجنوں کی تعداد میں ایڈوائزر بھرتی کر رکھے ہیں، نیب اور نیب کے چیئرمین کا کردار مشکوک ہوچکا ہے۔ نیب کے چیئرمین کی وڈیو منظر عام پر آچکی ہیں اور نیب کو مخالف سیاسی جماعتوں کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔