اسپتالوں کی تعمیر اور تجدید کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں، وزیراعلیٰ پنجاب

122

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں میانوالی اسپتال، نشتر ٹو ملتان اور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ڈی جی خان کے قیام کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور کے سروسز اسپتال کی ایمرجنسی کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ جلد تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر اسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور تعمیر نو کے منصوبوں کے امور کو جلد سے جلد طے کیا جائے۔ عوام کی سہولت کیلیے نئے اسپتالوں کی تعمیر میںحائل رکاوٹیں جلد از جلد دورکی جائیں اور نئے اسپتالوں کی تعمیر کے منصوبوں میں شفافیت اور تعمیراتی معیار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم کی قیادت میں سکھ برادری کے وفد کی ملاقات، ننکانہ صاحب میں سکھ لڑکی کی شادی کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا، وفد نے کہا کہ معاملہ حل کرنے کیلیے آپ کی ذاتی کاوشوںکو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سکھ برادری سمیت دیگر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلیے سرگرم عمل ہے۔ سکھ بھائی جتنا آج پاکستان کے قریب آ چکے ہیں، ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔