اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں طویل ترین کرفیو کا نوٹس لے، عبدالمجید آرائیں

134

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) آرائیں برادری وطن عزیز کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، برادری کے لاکھوں نوجوان پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے، مودی سرکار پاکستان کی امن پسندی کو اس کی کمزوری نہ سمجھے، پاکستان نے ایٹم بم نمائش کے لیے نہیں بنایا، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں طویل ترین کرفیو کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی تنظیم آرائیاں حیدر آباد کی جانب سے سرپرست اعلیٰ عبدالمجید آرائیں کی ہدایت پر 8 ستمبر کو سندھ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے نکالی گئی یکجہتی کشمیر ریلی کے شرکا سے حیدر آباد پریس کلب کے سامنے مرکزی صدر چودھری محمد جمیل آرائیں، چودھری ظفراللہ آرائیں ایڈووکیٹ، محمد صفدر آرائیں، انجینئر شاہد محمود آرائیں، شاہد محمود آرائیں، امتیاز علی آرائیں، حاجی نذیر آرائیں، محمد علیم آرائیں، سخاوت آرائیں، فیصل آرائیں، فقیر محمد آرائیں سمیت دیگر نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ سے زائد طویل کرفیو سے عوام کو ادویات اور خوراک نہ ملنے کی وجہ سے حالات انتہائی خراب اور جانی نقصان ہو رہا ہے، اس نازک اور تشویشناک صورتحال پر اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کی مجرمانہ خاموشی تشویشناک ہے وہ اس صورتحال کا فوری طور پر نوٹس لے کر کرفیو ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ تنظیم آرائیاں مسلح افواج کی جانب سے کشمیر کے لیے آخری گولی اور سپاہی تک لڑنے اور آخری حد تک جانے کے اعلان اور جذبے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔