کشمیر سے اظہار یکجہتی: پاکستان کرکٹ بورڈ اور کھلاڑی میدان میں آگئے

423

کراچی: کشمیر سے اظہار یکجہتی کے دن کے موقع پر کھلاڑی بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے، پی سی بی ، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور اسپورٹس بورڈ پنجاب سمیت کراچی میں ریلیاں نکالی گئیں ۔

کشمیر میں بھارتی جارحیت کو دنیا کے سامنے لانے کیلئےپاکستان میں آج اظہار یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے جس میں کھیلوں کی مختلف شخصیات نے پر جوش انداز میں شرکت کی ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی اسٹیڈیم میں تقریب کا اہتمام کیا جس میں پی سی بی چیئرمین احسان مانی، چیف ایگزیکیٹو وسیم خان سمیت کرکٹر امام الحق، اظہر علی، حسن علی، وہاب ریاض، آصف علی، عابد علی، اسد شفیق، محمد رضوان، بلال آصف، یاسر شاہ، گرانٹ بریڈبرن اور بورڈ آفیشل نے شرکت کی۔

دوسری جانب معین خان اکیڈمی کراچی میں بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کے لئے تقریب منعقد کی گئی جس میں کھیلوں کی مختلف شخصیات اور شوبز کی شخصیات کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد بھی موجودتھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مزار قائد پہنچ کر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔

لاہور میں اسپورٹس بورڈ پنجاب کے ملازمین نے کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے ریلی نکالی، ڈی جی ا سپورٹس پنجاب ارشد اولکھ کی قیادت میں ریلی نکالی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ریلی میں پی ایچ ایف سیکریٹری اور کھلاڑیوں نے شرکت کی ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن آصف باجوہ نے ریلی کی قیادت کی جس میں قومی ہاکی کھلاڑیوں نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے ۔