بزم ساتھی سندھ کے تحت اسکولوں میں ٹیلنٹ ایوارڈز کی تقاریب

128

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بزم ساتھی سندھ کے تحت سندھ بھر کے نجی وسرکاری اسکولوں میں ٹیلنٹ ایوارڈز کی تقاریب منعقد کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔صوبے بھر کے 400سے زائد نجی وسرکاری اسکولزمیں امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو خصوصی شیلڈز،میڈلز،سرٹیفکیٹس اور دیگر انعامات دیے جارہے ہیں،جبکہ ان پروگرامات میں مختلف نوعیت کے مقابلہ جات بھی منعقد کیے جارہے ہیں۔ اسکولوں کے طلبہ کی تنظیم بزم ساتھی نے فروغ تعلیم مہم کے سلسلے میں صوبے بھر کے اسکولز میں بڑے پیمانے پر ٹیلنٹ ایوارڈشوزمنعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس کاآغاز حیدرٓبادنوابشاہ، اور سکھر سمیت سندھ کے مختلف شہروں کے نجی وسرکاری اسکولوں میں ٹیلنٹ ایوارڈز کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ بزم ساتھی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 22 جولائی تا 5اگست تک سکھر اور روہڑی شہر کے تمام نجی وسرکاری اسکولزمیں ٹیلنٹ ایوارڈ منعقد کیے جائیں گے۔ 29 تا31جولائی کو نوابشاہ، یکم تا 8 اگست تک لاڑکانہ اور شکارپور، 25 تا 31 جولائی تک باندھی، نوشہرو فیروز، محراب پوراور سکرنڈ کے اسکولز میں ٹیلنٹ ایوارڈ منعقد کیے جائیں گے۔ 10اگست تک حیدرآباد جبکہ میرپورخاص، ٹنڈو جام، مٹھی، عمرکوٹ اور دیگر شہروں میں پروگرامات کا شیڈول 14 اگست کے بعد جاری کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں خصوصی تیاریاں کی گئیں ہیں ۔جبکہ بزم ساتھی کے صدور اور ورکز پھرپور کمپئن میں مصروف ہیں۔اس سلسلے میں بزم ساتھی سندھ کے صدر مرزنعمان بیگ کا کہنا ہے کہ بزم ساتھی نے بڑے پیمانے پر ٹیلنٹ ایوارڈ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتنے بڑے پیمانے پر اسکولوں کے بچوں کی حوصلہ افزائی، ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے کسی نے اقدامات نہیں اٹھائے۔ بزم ساتھی کاہی کا اعزاز ہے کہ وہ بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں سجانے کے ساتھ ساتھ ان کو نیکی کے کاموں کی طرف راغب کرنے کے لیے بھی کوشاں ہیں۔ اس لیے بزم ساتھی کا بنیادی سلوگن ’’نیک بنو نیکی بھیلاو‘‘ رکھا گیا ہے۔ بزم ساتھی اسکولوں کے طلبہ کی مقبول تنظیم ہے، جس کی بڑی وجہ طلبہ ہی کے ذریعے تنظیم کا نظام چلانا ہے۔