صفائی ستھرائی کا نظام ٹھیکے پر دے دیا جائے، ذوالفقارخان تالپور

208

ڈگری (نمائندہ جسارت) ٹائون کمیٹی ڈگری کی جانب سے 8 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد کے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ اس سلسلے میں نذیر شاہ کالونی وارڈ نمبر 10 میں دس لاکھ روپے سے زائد لاگت میں تعمیر ہونے والے روڈ کا افتتاح سابق رکن سندھ اسمبلی میر حیات خان تالپور نے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ٹائون کمیٹی ڈگری میر ذوالفقار علی خان تالپور، کونسلر آصف جٹ، محمد سرور آرائیں، قاری عبداللطیف رند، انا یاسین راجپوت، ندیم نقشبندی، ٹائون کمیٹی ڈگری کے افسران علی حسن قائمخانی، محمد شبیر خان، انجینئر شمشیر علی، میر افتخار تالپور، سینئر صحافی نصیر قریشی اور دیگر بھی موجود تھے۔ سابق رکن سندھ اسمبلی میر حیات خان تالپور نے شہر میں مزید ترقیاتی کام کروانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر میر ذوالفقار علی خان تالپور نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں 8 کروڑ 75 لاکھ روپے کے ترقیاتی کام جاری ہیں جس میں ہم نے ٹھیکیداروں میں کمپیٹیشن کروایا، جس سے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی بچت ہوئی جو شہر کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی شہر میں مزید ترقیاتی کاموں کے لیے نئی این آئی ٹی منظور کروانے کی کوشش کررہے ہیں۔ شہر میں صفائی کا مسئلہ گمبھیر صورتحال اختیار کرگیا ہے۔ میرے چیئرمین کا چارج سنبھالنے کے بعد سے اب تک پچیس خاکروب ریٹائر ہوگئے ہیں اور ہمیں مزید بھرتی کی اجازت نہیں ہے۔ شہر کی آبادی اور نئی کالونیوں میں مسلسل اضافہ اور خاکروب کی تعداد میں کمی شہر میں صفائی کا مسئلہ پیدا کررہی ہے، جس کے لیے کوشش ہے کہ صفائی کا نظام ٹھیکے پر دے دیا جائے۔