سندھ حکومت تعلیم اور صحت سمیت کوئی سہولت فراہم نہیں کرسکی، ممتاز سہتو

287

بدین (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی مجلس عاملہ کے رکن ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے سندھ حکومت سندھ میں تعلیم اور صحت سمیت کوئی بھی سہولت فراہم نہیں کرسکی اس لیے اس کو ناکامی کی سزا دی جارہی ہے اور پاناما لیکس میں میں ملوث تمام وزاء کا احتساب ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل جھنڈو شاہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ کے وزیر زراعت کا تعلق بدین ضلع سے ہونے باوجود بدین ضلع کی چار شوگر ملز کو بند کردیا ہے، شوگر ملز کی بندش سے کسان طبقہ بہت پریشان ہے اور بدین ضلع میں زرعی پانی کی قلت کی وجہ سے بدین ضلع کے لاکھوںآبادگاروں کا نقصان ہورہا ہے۔ بدین ضلع کی معیشت کو ایک سازش کے ذریعے تباد کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدین انڈس اسپتال میں مریضوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور ظلم بند ہونا چاہیے۔ آئے روز مریضوں کو بلاجواز تنگ کرکے حیدرآباد اور کراچی ریفر کیا جاتا ہے جو کہ غریب طبقے کے ساتھ ناانصافی اور ظلم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدین ضلع پاکستان اور ایشیا کا امیرترین ضلع ہے لیکن یہاں کے لوگ اسی فیصد غربت کی لکیر کے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بدین ضلع میں بند شوگر ملوں کو فوری طور پر چلایا جائے اور کسانوں کے جائز مسائل فوری حل کیے جائیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بدین کے نائب امیر اللہ بچایو ہالیپوتہ، مقامی امیر عبدالخالق کھوسہ و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔