حیدر آباد، ڈاکٹر عبدالوہاب ودھو کے اعزاز میں الوداعی تقریب

210

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد، جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالوہاب ودھو کی ریٹائرمنٹ پر انہیں اسپتال انتظامیہ اور پیرامیڈیکل اسٹاف اور نرسز اسٹاف کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ خدمات کے اعتراف میں انہیں بگی میں بٹھاکر بینڈ باجے کے ساتھ اسپتال کا وزٹ کرایا گیا۔ اس دوران اسپتال کے عملے اور ڈاکٹروں نے ان پر پھول نچھاور کیے۔ انہیں اور ان کے ساتھ موجود ڈائریکٹر ایڈمن وفنانس عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر نعیم ضیاء کو اجرکیں پیش کیں۔ پیرا میڈیکل کے عملے نے ڈائریکٹر ایڈمن و فنانس عبدالستار جتوئی کی خدمات پر انہیں بھی سونے کا تاج پہنایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرڈ ہونے والے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالوہاب ودھو نے استقبال کرنے والوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ وہ جب اسپتال میں بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعینات ہوئے تھے تو اس وقت اسپتال کی صورتحال اچھی نہیں تھی۔ اسپتال کی بوسیدہ عمارت اور علاج معالجے کی سہولیات بھی قابل تعریف نہیں تھی لیکن پھر ہم نے اسپتال کے ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی اور دیگر افسران اور عملے کے ساتھ مل کر اسپتال کی تعمیر وترقی، تزئین وآرائش اور سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کام کیا۔ یہی وجہ ہے کہ کچھ ہی عرصے میں سول اسپتال حیدرآباد اور جامشورو جدید طرز کے اسپتالوں میں تبدیل ہوگیا۔