عمران خان پر فائرنگ کرنے والا حملے کے 14 روز بعد عدالت میں پیش

167

گوجرانوالہ: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران کنٹینر پر فائرنگ کرکے قاتلانہ حملہ کرنے والا ملزم  نوید 14 دن کے بعد عدالت میں پیش کردیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے ملزم نوید کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے  14 دن کے بعد پیش کرنے پر تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر آباد واقعے کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نوید کو 3 نومبر کو جائے وقوع سے گرفتار کیا گیا تھا جب کہ ملزم کے خلاف مقدمے کی ایف آئی آر 7 نومبر کو درج کی گئی تھی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے لانگ مارچ میں فائرنگ اور اعترافی بیان ریکارڈ کروانے والے ملزم نوید کو کئی روز بعد پیش کرنے کے معاملے پر جے آئی ٹی کے سربراہ کو تحقیقات کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے وفاق کی جانب سے جےآئی ٹی پر اعتراضات کو تسلیم کرنے کے باوجود انہیں دور کیے بغیر ہی عمران خان پر حملے کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ اس سلسلے میں ٹیم نے سب سے پہلے وزیر آباد میں جائے وقوع کا دورہ کیا۔ ٹیم کے ارکان سید خرم علی شاہ اور نصیب اللہ نے واقعہ سے متعلق مزید شواہد حاصل کرنے کے لیے جائے وقوع پر مقامات کی نشاندہی کی۔