وزارت صحت نے کورونا سے بچاؤ کے انجکشن کی قیمت میں کمی منظور کرلی

364

اسلام آباد: وزارت صحت نے کورونا کے مریضوں کے علاج میں استعمال ہونے والے انجکشن کی قیمت میں 408 روپے کمی کردی۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق وفاقی کابینہ نے ریمڈیسیور 100 ملی گرام انجکشن کی قیمت میں کمی کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ریمڈیسیور کورونا کے مریضوں کے علاج کی موثر دوا ہے۔اس کی قیمت پہلے 2300 روپے تھی،جو 408 روپے کمی کے بعد 1892 روپے میں دستیاب ہوگی۔

وفاقی وزیر نےایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت صحت کے شعبے میں عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس میں بہتری کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس ایک بار پھر سر اُٹھانے لگا ہے۔ اس سلسلے میں جاری اعداد شمار کے مطابق گزشتہ روز تک ملک میں مزید 171 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔