ذہنی دبائو ختم کرنے کیلیے پرُانے دوستوں کی بیٹھک ضروری ہے،عمران رائو

245

ٹنڈوجام(نمائندہ جسارت)اولڈ بوائز ایسوسی ایشن گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر2 کے چیئرمین ڈاکٹر عمران رائو نے کہا ہے کہ ذہنی دبائو کو ختم کرنے کے لیے پرُانے دوستوں کی بیٹھک ضروری ہے، اگر ہم چاہیں تواپنے اسکول کی حالت بغیر حکومتی تعاون بدل سکتے ہیں صرف جذبے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے پہلے تاسیسی پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا اس وقت معاشرے میں ہر آدمی پریشان شوگر بلڈ پریشر اور ذہنی پریشانی کا شکار ہے ،دیکھا جائے تو ان بیماریوں کا علاج صرف ڈاکٹر کے پاس یا ادویات میں نہیں ،ہم نے اپنی زندگی کو اتنا مصروف کرلیا ہے کہ زندگی گزارنے کا طریقہ ہی بھول گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ذہنی دبائو سے نکالنے کے لیے ہمیں دوبارہ اپنی بیٹھکوں کو آباد کرنا ہوگا اور اسی مقصد کے تحت ہم نے ایک سال قبل اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کی بنیاد رکھی تھی۔ انہوں نے کہا اس تنظیم کی بدولت ہم نے اپنی مادر علمی کی حالت کو بدلہ جو ایک عرصے سے گورنمنٹ کی امداد کی وجہ سے خستہ حالی کا شکار تھی۔ ہم اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے مل کر اپنے اسکولوں پر توجہ دیں تو حکومت کی امداد کے بغیر بھی اسکولوں کی حالت بدل سکتی ہے، تعلیمی معیار بہتر ہو سکتا ہے صرف یہ ادارے جنھوں نے ہمارا مستقبل بنایا آج ہماری توجہ چاہتے ہیں۔تقریب وائس چیئرمین مختیار راجپوت اور ناصر شیخ کے علاوہ ڈاکٹر اکرام اعوان نعیم چنا منظور میمن سمیت دیگر نے خطاب کیا اور کیک کا ٹا۔