ٹھٹھہ:مزید 4 ماہی گیروں کی لاشیں برآمد ،آپریشن جاری

235

ٹھٹھہ( نمائندہ جسارت)کیٹی بندر میں کشتیاں ڈوبنے والے افسوسناک واقعے میں مزید 4 ماہی گیروں کی لاشیں برآمد کرلی گئیں جبکہ 5 کی تلاش تاحال جاری ہے۔ پی پی ایم پی اے علی حسن زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے خصوصی ملاقات کرکے ہلاک ہونے والوں کے کے لیے معاوضے کی سفارش کی ہے ۔ریسکیو ٹیموں نے ترشیئن کریک سے مزید 4 لاشیں برآمد کر لیں۔ ڈاکٹر کاشف کے مطابق برآمد ہونے والی لاشوں کی شناخت غلام ملاح، سلیم بنگالی ،زاہد حسین پٹھان اور امین ملاح کے نام سے ہوئی ہے۔ ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ افسوسناک واقعے میں اموات 7 ہوگئیں،جبکہ باقی 5 ماہی گیروں کی تلاش پانچویں روز بھی جاری ہے۔ لاپتہ ماہی گیروں کے ورثاء سخت پریشانی سے دوچار ہیں۔ واضح رہے کہ کیٹی بندر کے سمندری حدود میں مچھلی کے شکار کے لیے گئے ہوئے بدنصیب ماہی گیروں کی 2 کشتیاں تیز ہواؤں کے باعث ڈوب گئی تھیں اور مجموعی طور پر 24 ماہی گیر ڈوب گئے جن میں سے 12 ماہی گیروں کو ریسکیو کرلیا گیا تھا، جبکہ مزید 4 لاشیں برآمد ہونے کے بعد مجموعی طور پر 7 لاشیں برآمد ہو چکی ہیں ،باقی 5 ماہی گیروں کی تلاش کے لیے نیوی، ایدھی فاؤنڈیشن اور مقامی غوطہ خوروں کی جانب سے تشکیل دیے گئی ٹیموں کی جانب سے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔