پاکستان سپر لیگ کامیلہ کل کراچی میں سجے گا

290

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان سپر لیگ کے 7ویں ایڈیشن کا میلہ کل سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سجے گا۔ اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں اور غیر ملکی کرکٹرز بھی ایونٹ میں حصہ لینے کے لیے پاکستان پہنچ گئے جبکہ فرنچائز ٹیموں کے آپس میں پریکٹس میچوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تاہم کورونا ٹیسٹ کے مثبت آنے پر پی سی بی اور فرنچائز کے مالکان و ٹیم مینجمنٹ مشکلات کا شکار ہیں۔ ٹکٹوں کی آن لائن فروخت اور این ای او سی کی جانب سے شائقین کی تعداد 25فیصد تک محدود کرنے سے ٹکٹ خریدنے والوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ کیونکہ اس اعلان سے قبل بڑی تعداد ٹکٹس خرید چکی تھی۔ دوسری طرف پاکستان سپر لیگ میچز کے شائقین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے پوائنٹس مختص کر دیے گئے ۔پی ایس ایل کے تمام میچز کے تماشائیوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے حسب سابق مختلف پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے تماشائیوں کو نیشنل اسٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے ترجمان کے مطابق گاڑیاں پارک کرنے کے لیے پارکنگ گلشن اقبال میں یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے قریب حکیم سعید گرائونڈ کو پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا ہے جبکہ نیشنل کوچنگ سینٹر سے ملحقہ چائنا گرائونڈ صرف وی آئی پی ویز کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مختص ہوگا۔پی ایس ایل کی فرنچائز کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم سمیت پشاور زلمی کے کھلاڑی وہاب ریاض اور حیدر علی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کے بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاعات آگئیں۔کراچی کنگز کے ترجمان نے سابق قومی کپتان کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج کی تصدیق یا تردید سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ پی سی بی کا واحد استحقاق ہے۔دوسری جانب پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض بھی مبینہ طور پر کورونا کا شکار ہوگئے جب کہ نوجوان بیٹسمین حیدر علی کا بھی ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔