جامعات اور صنعتی اداروں کے درمیان فاصلے کم کیے جائینگے، صدر مملکت

68

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جامعات، صنعتی اداروں، حکومت اور معاشرے کے درمیان فاصلے کم کیے بغیر ترقی نہیں ہوگی ،پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلیے نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وڈیو لنک کے ذریعے
جامعہ سندھ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جامعہ سندھ جامشورو کے ٹیکنالوجی انکیوبیشن سینٹر کی جانب سے ملک کو درپیش مختلف مسائل کے حل کیلیے طلبہ کے درمیان کاروباری خیالات پیش کرنے کیلیے مقابلہ منعقد کیا گیاتھاجس میں طلبہ و طالبات نے ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلیے بہترین خیالات پیش کیے گئے،کامیاب طلبہ کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔ تقریب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں زور دیا کہ پاکستان میں اس قسم کے پروگرام مقامی مسائل کے حل کیلیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں ،پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلیے نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے، یہی وجہ ہے کہ نوجوان محققین کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اسکالرشپ فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ تعلیم حاصل کرکے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ تقریب میںوائس چانسلر سر سید یونیورسٹی ڈاکٹر جاوید انور، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ سندھ جامشورو پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی، ڈائریکٹر ہائیسٹ کرنل ریٹائرڈ محمد خالدو دیگر شریک ہوئے ۔ نیشنل آئیڈیا بینک کے بانی حسن سید نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس تقریب سے منسلک ہوکر اپنا مستقبل بہتر بنا سکتے ہیں،دنیا میں کامیابی کیلیے سارا معاملہ کاروباری خیالات کا ہے اور مسائل سے متعلق کامیاب کاروباری خیالات پیش کرکے کثیر سرمایہ کمایا جا سکتا ہے، وائس چانسلر سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جاوید انور ،ڈائریکٹر حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کرنل (ر) محمد خالد ،پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی ودیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔