شہید ڈاکٹر خالد محمود سومروایک نظریہ اور ایک تحریک کا نام بن چکا ہے

370

 

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے سیکرٹری مولانا راشد خالد محمود سومرو اور ضلع لاڑکانہ کے امیر مولانا ناصر خالد محمود سومرو نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آج لاڑکانہ میں لاکھوں لوگ شہید علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں، سفاک قاتلوں نے یہ سمجھا تھا کے کونے کونے میں شہید علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو رحہ کی گونجی ہوئی آواز کو ہم ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیں گے، مگر ان کی شہادت کے خون سے جمعیت کی ایسی آبیاری ہوئی ہے اور اس شہادت کے خون نے جمعیت کے آواز کو وہ قوت بخشی ہے جو آج وہ آواز پوری سندھ میں گونج رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی آواز پوری دنیا میں جذبہ آزادی کی بلند ترین آواز ہوگی ، شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو ایک فرد اور ایک خاندان کا نام نہیں بلکہ وہ ایک نظریہ اور ایک تحریک کا نام بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ایک ایک کارکن قدم سے قدم ملا کر منزل کی طرف اپنا سفر جاری رکھے گا اور اس قسم کے واقعات ہمارے حوصلوں میں اضافہ کرتے رہیں گے ، ہماری حوصلہ شکنی کا سبب نہیں بنے گا، یہ تمام لوگ جو یہاں پر جمع ہوئے ہیں انہوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ سفاک قاتلوں نے شہیدڈاکٹر خالد محمود سومرو کو ہم سے چھین لیا ہے اور آج یہ لوگ ان قاتلوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ تم نے ہم سے شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو چھین لیا ہے ، جس مشن کی خاطر انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دیا وہ مشن جاری رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ظالم یہ سمجھ رہے تھے کہ شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو رحہ کو شہید کر کے، ان کے مشن کو کمزور کر کے ختم کیا جائے گا لیکن شہادتیں تو مشن اور تحریکوں کو مضبوط کر کے آگے بڑھاتی ہیں۔