جعلی بیج اور کھاد فروخت کرنے والے ڈیلر کیخلاف کارروائی کی جائے

243

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) جعلی بیج اور جعلی کھاد کی وجہ سے میری فصل کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے، کھاد کے ڈیلر دھن راج نے مجھے کھاد اور بیج کی گارنٹی دی تھی، اب کھاد کا ڈیلر مجھے ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کے بجائے مجھے جان سے مارنے اور خطرناک نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، اعلی حکام مجھے انصاف فراہم کریں اور جعلی کھاد اور بیج فروخت کرنے والے ڈیلر کے خلاف کارروائی کریں۔ ان خیالات کا اظہار میرپورخاص کے علاقے پھلاڈیوں کے زمیندار اور میر اللہ بچایو کالونی کے رہائشی فرمان علی نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیا سویرا کے ڈیلر دھن راج نے 2019ء مجھے گارنٹی کے ساتھ کھاد ایس ایس پی، این پی، گندم کا بیج اور فصل کی طاقت کی دوا امرت گولڈ دی جس کی مالیت پونے چار لاکھ روپے بنتی ہے اور کہا کہ اس کے استعمال سے اگر آپ کو نقصان ہوا تو اس کا ازالہ میں کر کے دوں گا میں نے اس سے گندم کا بیج اور کھادیں لے کر اپنی زمین میں کاشت کی چند روز بعد ہی فصل کو نقصان پہنچنا شروع ہو گیا جس کی اطلاع میں نے بروقت نیا سویرا کے ڈیلر دھن راج کو دی اور اس نے میرے ساتھ زرعی ماہر کو میری زمین پر بھیجا جس کی سفارش پر میں نے مزید زرعی دوائیں ڈالیں لیکن فصل میں کوئی بہتری نہ آئی اور میں نے دوبارہ دھن راج کو مطلع کیا کہ مجھے فصل کا 32 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے لیکن اس نے کوئی ازالہ نہ کیا میں نے اپنے نقصان کے ازالے کیلیے تقاضا کیا جس کے بعد متعدد بار کچھ معزز لوگوں نے ہمارے درمیان فیصلے کروائے جس پر وہ پورا نہ اترا جس کے بعد میں نے ایس ایس پی، وزیر اعظم پورٹیل پر درخواست دی جس پر سابق ڈی ایس پی عابد قائمخانی نے انکوائری کی اور کھاد و بیج کا زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام لیبارٹری سے ٹیسٹ کروایا تو وہ جعلی ثابت ہوئیں اب میں اس کے پاس اپنے نقصان کے ازالے کیلیے گیا تو دھن راج اور اس کے بھائیوں نے مجھے جان سے مارنے سمیت خطرناک نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ میرے نقصان کا ازالہ کروایا جائے اور جعلی بیج اور جعلی کھاد فروخت کرنے والے نیا سویرا کے ڈیلر دھن راج کے خلاف کارروائی کی جائے۔