مہنگائی کیخلاف 31 اکتوبر کو عظیم الشان احتجاج ہوگا،جاوید قصوری

161

لاہور (وقائع نگار خصوصی)مہنگائی کے بڑھتے ہوئے طوفان، پیٹرولیم کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ اور تحریک انصاف کی حکومتی نا اہلی کے خلاف جماعت اسلامی کا 17اکتوبر سے 24اکتوبر تک پنجاب سمیت ملک بھر میں ہفتہ احتجاج بھر پور طریقے سے جاری ہے۔اس احتجاجی تحریک کے دوران آج جمعتہ المبارک 22اکتوبر کو بھی احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ 24اکتوبر کو بروز اتوار کو پنجاب سمیت ملک بھر میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔اسی طرح 31اکتوبر کو مہنگائی کے خلاف اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کا عظیم الشان اور فقید المثال احتجاجی مظاہرہ ہو گا۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے ذکر اللہ مجاہد،نصر اللہ گورائیہ اور محمد فاروق چوہان کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں مہنگائی بے روزگاری اور لاقانونیت میں ہوشر با اضافے کے خلاف پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جب تک مہنگائی کا خاتمہ نہیں ہو جاتا جماعت اسلامی کی جدوجہد ان شاء اللہ جاری رہے گی۔تحریک انصاف کی حکومت نے ایک ماہ میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں 30روپے کا اضافہ کر کے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ مہنگائی نے ملکی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔پیٹرول 137.79، ہائی اسپیڈ ڈیزل134، لائٹ ڈیزل 108، مٹی کا تیل 110روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔ تحریک انصاف کی بد ترین کارکردگی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی عوام کو زندہ درگور کرنے کے لیے بر سر اقتدار آئی ہے۔ ساڑھے 3سال میں پیٹرول72، ڈیزل 83روپے فی لیٹر تک مہنگا ہوا ہے۔ عوام سوال پوچھتے ہیں کہ کہاں ہے وہ تبدیلی جس کا خواب قوم کو دکھایا گیا تھا۔ 37ماہ صرف ٹیکسز کی مد میں 500ارب عوام کی جیبوں سے نکال لیے گئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 200فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔ مہنگائی کنٹرول کرنے والے اداروں اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں عملا ً غیر فعال ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت خود کرپٹ مافیا کی سرپرستی کررہی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کے بیانات قوم کے زخموں پر نمک پاشی کرنے کے مترادف ہیں۔ مہنگائی عوام کا سب سے بڑ ا مسئلہ بن چکی ہے۔ ستم بالائے ستم یہ ہے کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والوں نے سودی معیشت کے خاتمے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ بلکہ الٹا آئی ایم ایف کے کہنے پر ملک میں مہنگائی میں ہوشر بااضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ پیٹرول، بجلی،گھی، ایل پی جی سمیت اشیا خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ تبدیلی سرکار کو ووٹ دینے والے اور سپورٹ کرنے والے دونوں ہی پریشان حال ہیں۔ تین برسوں میں بجلی کی اوسط قیمت میں 52فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ وزیرا عظم کے اردگرد مافیا ہی ملک میں مہنگائی کا اصل ذمے دارہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پورا ملک ہی آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ ان ظالم حکمرانوں نے ملک و قوم کے ساتھ دشمنوں سے بھی بد تر سلوک کیا ہے اور مسلسل کررہے ہیں۔ قوم کب تک ان چالبازوں، دھوکا بازوں، چوروں، لٹیروں اور کرپٹ افراد کی باتوں پر یقین کرکے ان کو اپنے سروں پر بٹھاتی رہے گی۔ ان کی اصل حقیقت کھل کر سامنے آچکی ہے۔ ملک و قوم کو بے داغ، پڑھی لکھی، محب وطن اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو صرف اور صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈالر 174روپے سے تجاوز کر چکا ہے جبکہ سونے کی قیمت بھی ایک لاکھ 22ہزار روپے فی تولہ ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے۔