آرمی چیف کی آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر آمد،فیض حمید نے استقبال کیا،افغان صورتحال پر بریفنگ

554
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کے دورے پر بریفنگ دی جارہی ہے

راولپنڈی(آئی این پی +آن لائن)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاںڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ان کا استقبال کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کو ملک کی اندرونی سلامتی اور افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔اس دوران آرمی چیف نے ادارے کی تیاریوں پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں پاکستان میں امریکی ناظم الامور اینگلا ایجلر نے پیر کو جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایک اور اہم ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت خصوصی طور پر افغانستان کی موجودہ سیکورٹی صورتحال اور مختلف شعبوں میں پاک امریکا تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔فوجی ترجمان کے مطابق جنرل باجوہ نے امریکی ناظم الامور سے کہا کہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کی روایت کو برقرار رکھنا چاہتا ہے اور امریکا کے ساتھ پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے ۔ افغانستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف نے کسی بھی انسانی بحران سے بچنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا اور کہا کہ افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے ۔امریکی ناظم الامور نے افغانستان کی صورت حال میں بہتری اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستانی فوج کی کوششوں اور اقدامات کو بھی سراہا ۔