رمیز راجا کو آسی سی سے امید نہیں رکھنی چاہیے ، جاوید میانداد

501

 

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور بلے باز جاوید میانداد نے کہا ہے کہ اس بات کا پتہ چلنا چاہیے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے اچانک دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیوں کیا اور اس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ جاوید میانداد نے ایک انٹرویو میں کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ ہونے کے پیچھے کچھ نہ کچھ ہے، جب وزیر اعظم خود تمام تر یقین دہانیاں کروارہا ہے تو باقی کیا رہ جاتا ہے؟ لیکن اس کے باوجود دورہ منسوخی کا فیصلہ قائم رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)سے امید نہیں رکھنی چاہئے کیونکہ وہ کچھ نہیں کر سکتی، اس نے آج تک کسی بھی ملک کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹرسے جاری پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ بین الاقوامی کھیلوں کے لئے ہمارے حفاظتی اقدامات اعلی ترین درجے کے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان آج کرکٹ کھیلنے کے لئے دنیا کے محفوظ ترین ملکوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں پوری کہانی نہیں بتائی جا رہی۔