جیکب آباد ،دومختلف واقعات میں بچے سمیت دو افراد جاں بحق

71

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں دو مختلف واقعات میں بچے سمیت دو افرادجاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے آباد تھانہ کی حدود گاؤں بہادر سہتو میں 15 سالہ غلام حیدر کرنٹ لگنے کے باعث فوت ہوگیا علاوہ ازیں جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے گاؤں بنگل کھوسو میں علی محمد بھٹی کا 4 سالہ معصوم بیٹا اویس پانی کے تالاب میں ڈوب کر فوت ہوگیا۔ دوسری جانب جیکب آباد میں تھانے کے سامنے چوری کی واردات،چور چھت توڑ کر دو لاکھ سے زائد نقدی اور سامان لے گئے۔ جیکب آباد کے سول لائن تھانہ کے سامنے شہید پولیس اہلکار کے بیٹے عامر ابڑو کی پرچون کی دکان کی چھت توڑ کر چور دکان میں رکھے دو لاکھ 85ہزار نقدی اور سامان چوری کرکے لے گئے تھانے کے سامنے چوری کی واردات چوروں کا پولیس کو کھلا چیلنج ہے۔ جیکب آباد میں امن امان کی صورتحال انتہائی خراب اور ڈکیتی ، چوری اور لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں پولیس ضلع میں امن امان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علما اسلام ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جیکب آباد میں امن امان کی صورتحال خراب ہونے کی وجہ سے شہریوں کا جینا محال ہوگیا ہے، ضلع بھر میں عوام غیر محفوظ ہوگئے ہیں چوری، لوٹ مار اور ڈکیتی کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی جیکب آباد ضلع میں امن قائم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں، ضلع میں امن امان کی خراب صورتحال کے متعلق جے یو آئی کی جانب سے جلد لائحہ عمل تیار کیا جائے گا اور شہریوں کے ساتھ ملکر بدامنی کے خلاف اور امن امان کی بحالی کے لیے ضلع بھر میں تحریک چلائی جائے گی۔