جمہوریت کے نام پر قوم کو عرصہ دراز سے دھوکا دیا جاتا رہا ہے،سراج الحق

169

پشاور (نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی ، نون لیگ اور پی پی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، تینوں جماعتیں آئی ایم ایف کی غلامی ، سودی معیشت کو جاری رکھنا چاہتی ہیں ،مفادات کی سیاست نے ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے، جمہوریت کے نام پر قوم کو عرصہ دراز سے دھوکا دیا جاتا رہا ہے ۔ مارشل لاز نے رہی سہی کسر نکال دی ۔ پاکستان کی ترقی کے لیے یہاں قرآن
و سنت کا نظام نافذ کرنا ہوگا، جمہوریت کو اسلامی اصولوں کے تابع کرنے سے ہی عوام کی بہتری ممکن ہے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوںنے مرکز اسلامی پشاور میں کارکنان جماعت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں غربت اور پسماندگی ختم کر نے میں مکمل ناکام ہوگئی ۔ صرف دعوئوں اور وعدوں پر ڈنگ ٹپائو پالیسی جاری ہے ۔ صوبے میں تعلیم و صحت کے شعبوں اور انفرااسٹرکچر کا براحال ہے ۔ فاٹا کے انضمام کے وقت کیے گئے وعدے تاحال پورے نہیں ہوسکے ۔ حکومت نے اب تک کاغذوں پر فاٹا کی ترقی کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا، عملی اقدامات زیرو ہیں ۔ حکومت بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے عوام کے مالی نقصانات کا ازالہ کرے ۔ وزیراعظم غریبوں کو چھت فراہم کرنے کا وعدہ پورا کریں ۔ اسلامیان پاکستان کو متحد ہو کر ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرناہوگا ۔ جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں جو پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی خواہش رکھتاہے ۔ جماعت سے وابستہ افراد قرآن وسنت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک پر 2 فیصد سے کم طاقتور افراد نے قبضہ کر رکھاہے ۔ چہرے بدل بدل کر وہی لوگ اقتدار کے ایوانوں میں آجاتے ہیں ۔ انتخابات میں جس کے پاس جتنا پیسہ ہو ، اس کی کامیابی کے اتنے ہی زیادہ امکانات ہوتے ہیں ،ایسے فرسودہ نظام سے جان چھڑانے کی ضرورت ہے او ریہ کام صرف اور صرف عوا م کی طاقت سے ہوسکتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ پرامن جمہوری انقلاب وقت کی ضرورت ہے۔ سراج الحق نے کہاکہ بارشوں سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں خدانخواستہ مزید نقصان ہوسکتا ہے ۔ حکومت حالات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے ۔ ملک میں قدرتی آفات اور دیگر ایمر جنسی صورتحال سے نمٹنے والے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی اپنی استعداد کے مطابق عوامی خدمت کے ہر شعبے میں بھر پور کام کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی آئندہ بھی یہ کام بھر پور طریقے سے جاری رکھے گی ۔