حیدرآباد: ٹرانسفارمر دھماکے کا ایک اور زخمی چل بسا، تعداد9ہوگئی

284

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) لطیف آ باد یونٹ نمبر 8میں ٹرانسفارمر پھٹنے سے زخمی ہونے والا محمد وسیم ملک کراچی کے اسپتال میں دوران علاج چل بسا، دھماکے سے جاںبحق ہونے والوںکی تعداد 9ہوگئی، حیسکو نے تمام زخمیوںکے اخراجات ادا کرنے کا اعلان کردیا ، سیاسی و سماجی شخصیات کی جاںبحق افراد کے گھر آمد کا سلسلہ جاری تاحال کوئی وزراءجاںبحق افراد کے گھر تو درکنار جائے وقوع پہنچنے کی بھی زحمت نہیں کی۔ تفصیلا ت کے مطابق لطیف آ باد یونٹ نمبر 8اکبری مسجد کے قریب 22 جولائی کو بجلی کا ٹرانسفارمر پھٹنے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا38سالہ محمد وسیم ملک جو کراچی کے اسپتال میں زیر علاج تھا 5 روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد منگل کے روز دم توڑ گیا۔ محمد وسیم ملک موٹر سائیکل میکینک اور3بچوں کا باپ تھا۔ مختلف سیاسی، مذہبی وسماجی تنظیموں اور اعلیٰ شخصیات کی جاں بحق ہونے والے افراد کے گھروںپر تعزیت کے لیے آنے کا سلسلہ جاری ہے، لیکن تاحال وفاقی وصوبائی حکومتوںکے کسی وزیر یا مشیرنے جاںبحق افراد کے گھروںپر آمد تو درکنار جائے وقوع تک کا دورہ نہیں کیا۔اطلاعات کے مطابق دھماکے کے دیگر کئی زخمی بھی کراچی کے نجی اسپتالوں میں مہنگا علاج کرانے پر مجبور ہیں جبکہ تاحال ان کی مالی معاونت کی گئی اور نہ ہی کوئی علاج کے اخراجات اٹھانے کوتیار ہے ۔دوسری جانب حیسکو نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظور کے بعد سانحہ میں زخمی ہونے والے زخمیوںکے علاج معالجے کے تمام اخراجات ادا کرنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ انتظامیہ نے واضح کردیا ہے کہیہ اخراجات مالی مدد کے علاوہ ہیں ۔