حیدرآباد،ٹرانسفارمر پھٹنے سے 7 افراد جاں بحق،18 جھلس کر زخمی

356
حیدر آباد: حیسکو کا ٹرانسفارمر پھٹنے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ اکبری گرائونڈ میں ادا کی جارہی ہے

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) حیدرآباد میں ٹرانسفارمر پھٹنے کا ایک اور ہولناک واقعہ،7 افراد ہلاک، جبکہ 18جھلس کر شدید زخمی،10زخمی انتہائی تشویشناک حالت میں وینٹی لیٹر پر ہیں ،5 افراد کی نماز جنازہ اکبر گراؤنڈ میں کردی گئی، رقعت آمیز مناظر، مذہبی، سیاسی، سماجی تنظیموں کے عہدیداران کی شرکت کی. تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے دوسرے روز لطیف آباد نمبر8 اکبری مسجد کے قریب ٹرانسفارمر سے آئل نکلنے کی شکایت پر حیسکو عملہ پہنچا اس دوران یہاں لوگ بھی تھے کہ ٹرانسفارمر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے باعث گرم آئل گرنے سے پانچ حیسکو ملازمین سمیت ڈیڑھ درجن افراد زخمی ہوگئے جن میں پانچ افراد 24سالہ نعمان، 35سالہ وقاص،32سالہ شجاعت،35سالہ تابش، چالیس سالہ سجاد حسنین اور ندیم ہلاک ہوگئے ۔زخمیوں میں شاہ رخ،مدثر، عارفین، عبدالرحمان،صارم، عرفان، حنان حیسکو ملازم سہیل ، اسماعیل، فیصل، سلیم، ابراہیم شامل ہیں۔ زخمیوں میں10 افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ,پانچ ہلاک شدگان کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ اکبری گراؤنڈ میں ادا کی گئی اس موقع پرسیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا تھا اور ایس ایس پی حیدرآباد خود موجود تھے۔نماز جنازہ کے موقع پر رقعت آمیز مناظر تھے ایک ہی گلی سے تین جنازے اٹھے ہر آنکھ اشک بار تھی ،پورا علاقہ سوگوار تھا دکانیں بند ہوگئیں۔نماز جنازہ میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحیدقریشی، حافظ طاہر مجید، امیر ضلع عقیل احمد خان، جنرل سیکرٹری ظیر الدین شیخ عبدالقیوم شیخ، ناصر کاظمی، حسین الدین ،پیپلز پارٹی کے ایم پی اے عبدالجبارخان،ضلعی صدر صغیر قریشی،تحریکا نصاف کے مستصنر باللہ،ایم کیو ایم کے ایم این اے صابر قائم خانی،راشد خلجی، ندیم صدیقی، ظفر صدیقی،سابق ایم این اے اور بحالی کمیٹی کے زونل انچارج وسیم حسین ،پی ایس پی کے قاضی ندیم، رضوان گدی،ایس ایس پی حیدرآباد عبدالسلام شیخ ،تحریک لبیک کے عبدالقادر ملکانی، عمران قریشء، اسلم سروری، سلیمان سرورسی ایڈوکیٹ کے علاوہ ہزاروں افراد شریک تھے۔ حادثے کی رپورٹ اے سیکشن تھانے میں درج کرلی گئی ہے جبکہ حیسکو انتظامیہ نے حادثے کی تحیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کے سربراہ جی ایم آپریشن عبدالاحد اور ارکان میں چیف انجینئر پلاننگ منظور حسین سومرو، ایس ای لاڑ منظور حسین، ڈائریکٹر ایس اینڈ آرئی اعجاز احمد شیخ شامل ہیںجو ایک روز میں تحقیقات کرکے رپورٹ دے گی۔ حیسکو چیف ریحان حمید نے ٹرانسفارمر کے واقعے کے بعد فوری طور ایس ڈی او رضوی سب ڈویژن عرفان احمد اور ایل ایس سلیم ودیگر دو لائن مین کو معطل کردیا اور ڈائریکٹر سروسیلینس کو احکامات دیے ہیں ۔ٹرانسفارمر پھٹنے کے 18زخمیوںکو جب سول اسپتال پہنچایا گیا تو سہولیات کا فقدان تھا جس کے باعث زخمیوں کے ورثاء اور عملے کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی ہوئے۔