حیدرآباد ریجن میں پولیس ایمرجنسی نافذ ،ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

136

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) مون سون اور عیدالاضحی کے حوالے سے حیدرآباد ریجن میں پولیس ایمرجنسی نافذ، پولیس ملازمین کی چھٹیاں منسوخ۔ ڈیوٹی جوائن کرکے جائے تعیناتی رپورٹ کرنے کی ہدایت۔ ایمرجنسی کے دوران کسی بھی قسم کی چھٹی کی درخواست وصول نہیں کی جائے۔ تمام پولیس افسران و اہلکار مون سون اور عید پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ریجن نے عملدرآمد کے لیے تینوں ڈی آئی جیز کو ہدایات جاری کردیں۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد نے آئی جی سندھ مشتاق مہر کی جانب سے مون سون کی حالیہ شدید بارشوں اور عیدالاضحی کے حوالے سے جاری احکامات کے تناظر میں حیدرآباد ریجن کے تمام اضلاع میں پولیس ملازمین کی چھٹیوں کو منسوخ کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اپنی جائے تعیناتی رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔ ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ریجن کے میڈیا سیل کے اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا ہے کہ پولیس فورس ہی نہیں بلکہ سروس بھی ہے اور مون سون کی بارشوں سے متاثرہ شہریوں کی مدد اور عیدالاضحی پر سیکورٹی امور کی انجام دہی کے لیے پولیس ہمہ وقت موجود ہوگی۔ ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد نے حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بے نظیر آباد کے ڈی آئی جیز کو عید تعطیلات کے دوران پولیس ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے اور احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔