شفاف انتخابات کیلیے ہر کوشش کی حمایت کریں گے‘ اعجاز الحق

113

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے لیے حکومت پارلیمان کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرے اور الیکشن کمیشن کی سطح پر ایسی مشاورت ہونی چاہیے تاکہ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہر وہ جماعت مشاورتی عمل کا حصہ بنے جو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہیں اور ماضی میں پارلیمنٹ میں اور صوبائی اسمبلیوں میں ان کی نمائندگی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر اس کوشش کی حمایت کریں
گے جس سے ملک کے انتخابات شفاف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ کا مطالعہ کرنے سے پتا چلتا ہے کہ قوم کی محنت کی کمائی کا 3.3ٹریلین ارب سود کی نذر جائے گا۔ مدینہ کی ریاست میں سود ختم کیا گیا تھا، مگر ہمارے حکمران اُس ریاست کا نام لے کرسود کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔ حکومت قوم سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے۔