قنبر علی خان کروڑوں روپے سے تیار واٹر سپلائی اسکیم ناکام

256

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) قنبرمیں کروڑوں روپے کی لاگت سے جامع اسکیم کے تحت تیار ہونے والی واٹر سپلائی اسکیم کی ناکامی و بربادی کے خلاف قنبر کی مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں پی پی (ش ب) قنبر سینگارو جدوجہد کمیٹی ، پی ٹی آئی ، سوشل ایکشن ویلفیئر سوسائٹی اور مہران اتحاد کی طرف سے سیکڑوں کارکنان نے نااہل اور کرپٹ سیکرٹری محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حکومت سندھ اور پبلک ہیلتھ قنبر کے مقامی افسران خلاف دوسرے روز بھی ایک احتجاجی مظاہر ہ کرکے قنبر کے مین شہداء چوک پر ٹائروں کو نذر آتش کرکے دھرنا دیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہوکر رہ گیا ۔اس موقع پر نادر ٹوٹانی ، لالہ واجد گوپانگ ، گل محمد خان اورامیر چانڈیو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حکومت سندھ کی طرف سے قنبر کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلیے کروڑوں روپے کی لاگت سے فیز 1 اور فیز 2 کے تحت واٹر سپلائی کی جامع اسکیم کا قیام عمل میں لایا گیا مگر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ قنبر کے افسران اور ٹھیکیدار کی ملی بھگت سے ناقص اور غیر معیاری کام ہونے اور اس منصوبے پر کروڑوں روپے کی میگا کرپشن کے باعث واٹر سپلائی اسکیم ناکارہ ہوکر تباہ ہوگئی ہے جس سے شدید گرمی میں شہر بھر میں پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے اور قنبرکے ہزاروں شہری گزشتہ کئی ہفتوں سے پانی سے مسلسل محروم ہوگئے ہیں اور بھاری نرخوں پر پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ قنبر میں ڈویلپمنٹ اور آپریشن کے تحت دو ایگز یکیٹو انجینئرز مقرر ہیں جو نان ٹیکنیکل ، نااہل اور کرپٹ انجینئرز ہیں جن کو سیکرٹری پبلک ہیلتھ حکومت سندھ نے سفارش پر تعینات کیا ہے واٹر سپلائی کے اس بڑے اہم منصوبے پر ہربجٹ میں اسکیم کو روائیز کرکے کروڑوں روپے کی رقمیں بار بار حکومت سے حاصل کی گئیںاور حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ فنڈز کا ایک بڑا حصہ صرف کاغذات میں خرچ کردیا گیا اورا علیٰ افسران سے لیکر نچلے افسران نے ٹھیکیدار سے ملی بھگت کرکے مبینہ طور پر جعل سازی سے رقم ہڑپ کرلی ہے او ر افسران اب اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کیلیے اس منصوبے کا تمام فنڈز اور اخراجات کی بوگس فہرست اپنے فائل میں رکھ لی ہے جبکہ پانی کے منصوبے میں کی جانے والی لوٹ مار کے باعث قنبر کے ہزاروں شہری پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ مقررین نے کہاکہ اس منصوبے میں کی جانے والی کرپشن پر اہال قنبر نے وزیر اعلیٰ سندھ اور چیف سیکرٹری سمیت دیگر ارباب اختیار کو مسلسل بار بار آگاہ کیا تاہم کسی کی جانب سے تاحال کرپشن کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا جس کے باعث آج قنبر کے عوام پانی کی محرومی کے عذاب میں مبتلا ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ مظاہرین نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان و ہائی کورٹ سندھ اور چیئرمین نیب سے اس تمام معاملے کی انکوائری کرکے ذمے داران کو سخت سزا دیکر شہریوں کی اذیت دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔