یہودی فلسطینی عوام پر بمباری کرکے انہیں شہید کررہے ہیں

127

دھابیجی (نمائندہ جسارت) فلسطین کے نہتے بے گناہ شہریوں پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ دہشت گردی کیخلاف اتوار کے روز علماء ایکشن کمیٹی کی جانب سے مولانا عبدالقادر اعوان، مولانا افتخار حضروی، حافظ سعید قاری، محمد فیاض، عبدالسلام تنولی ودیگر کی قیادت میں غریب آباد مارکیٹ چوک سے قومی شاہراہ تک ریلی نکالی گئی جس میں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مختلف پلے کارڈ اور فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ یہودی اسرائیل نے محض سرزمین حاصل کرنے کے لیے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں فلسطین کے عوام پر وحشیانہ بمباری کرکے ان نہتے بے گناہ شہریوں کا قتل عام کیا جو کہ تمام اسلامی ممالک اور انکی افواج کے لیے لمحہ فکر ہے اور خاص کر ان اسلامی ممالک کے لیے کہ جن کے سروں کے اوپر سے گزر کر یہ یہودی فلسطینی عوام پر بمباری کرکے انہیں شہید کررہے ہیں جبکہ فلسطین پر جاری اسرائیلی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں پر اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی بھی مجرمانہ اور انتہائی قابل افسوس ہے لیکن پاکستانی عوام کشمیر سمیت فلسطینی عوام پر جاری ان یہودیوں اور کافروں کی ظالمانہ کارروائیوں پر ہرگز خاموش نہیں رہیں گے اور اس ظلم کیخلاف ہر محاذ پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔