حیدر آباد میں پانی کی قلت،لوگ بوند بوند کو ترس گئے

137

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدر آباد شہر اور لطیف آباد میں رمضان المبارک کے ایام میں پینے کے پانی کی قلت۔ ہم ارباب اختیار کو واسا انتظامیہ کی نا اہلی اور عوام دشمن اقدامات کی طرف توجہ دلوانا چاہتے ہیں۔ ان خیا لات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے حق پرست ارکان قومی و صوبائی اسمبلی انجینئر صابر حسین قائمخانی، صلاح الدین، انجینئر راشد خلجی،ندیم احمد صدیقی اور ناصر حسین قریشی نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدر آبادمیں پانی کی قلت سے لوگ اس گرمی میں پانی کی بوند بوند کے لیے ترس گئے ہیں لیکن پانی نایاب ہے ،پانی کی قلت کو کئی روز ہو چکے ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے، اس شدید گرمی میں حیدرآباد شہر اور لطیف آباد کے عوام پانی کی بندش کی وجہ سے شدید اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ واسا انتظامیہ کی ہٹ دھرمی اور نا اہلی نے حیدر آباد کے شہریوں کی زندگیا ں اجیرن کردیں اور مسلسل حق پرست قیادت کی نشاندہی کے باوجود وہ لاپرواہی اور غفلت برتنے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی متعصب حکومت جو ٹیکس شہر سے وصول کرتی ہے اور پراپرٹی دبئی میں خرید کرتے ہیں ان کو شہر عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔