کراچی میں مزاحمت پر میجر سعد کو قتل کرنے والا ڈاکو گرفتار

466

کراچی: واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر میجر سعد کو قتل کرنے والا ڈاکو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی کیماڑی کےمطابق ڈکیت کو پولیس مقابلے کے بعد شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے جب کہ اس کے ساتھی کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپا مار کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میجر سعد کے قتل کا مقدمہ پولیس کے لیے چیلنج تھا، جس کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس نے 9 روز انتھک محنت اور جائے وقوع کے قریب تمام علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد ملزمان کا سراغ لگایا۔

واقعے میں ملوث ایک ملزم کی آج سائٹ ایریا میں موجودگی کی اطلاع پر پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تو ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی کارروائی میں ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم عثمان عرف چٹیا کے قبضے سے آلہ قتل ایک عدد پستول بمعہ راونڈز برآمد کرلیا گیا۔

ملزم نے دوران تفتیش میجر سعد شیخ پر فائرنگ کا اعتراف کرتے ہوئے واردات کے روز اسکا الطاف نامی ساتھی ہمراہ تھا، دوران واردات میجر سعد شیخ کی جانب سے مزاحمت کرنے پر انہوں نے فائرنگ کی اور اپنی موٹر سائیکل موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے، بعد ازاں کچھ فاصلے پر راہگیر سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوئے۔

تحقیقات کے مطابق ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والا پستول ہی میجر سعد شیخ پر فائرنگ میں استعمال ہوا تھا، ملزم سے برآمد اسلحہ کو فرانزک ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیجا جارہا ہے، ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔