کراچی میں نو پارکنگ زون میں گاڑی پارک کرنے پر عائد جرمانہ معاف

232

کراچی:میٹروپولیس میں خریداری کے دوران گاڑی پارک کرنا ایک پریشانی کا باعث ہے کیونکہ پورا شہر ‘نو پارکنگ زون’ بن چکا ہے ۔ 

اگر آپ نے کبھی چارج شدہ پارکنگ کے علاوہ کسی اور جگہ اپنی گاڑی پارک کرنے کی ہمت کی تو آپ کو مذحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ٹریفک پولیس کے لفٹرز کی ‘فوج’ چوکس رہتی ہے اور آپ کی گاڑی کو اٹھانے اور اسے ‘قانون کی خلاف ورزی’ کی ‘سزا’ دینے کے لیے اسے چیک پوسٹ پر پھینکنے کا کوئی موقع نہیں گنواتی۔

تاہم ٹریفک پولیس کی جانب سے کراچی والوں کے لیے ایک اچھی خبر ہے کیونکہ ڈی آئی جی احمد نواز چیمہ نے نو پارکنگ زون میں گاڑی پارک کرنے پر عائد جرمانہ معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید تک کراچی کے تمام شاپنگ سینٹرز کے باہر سے اٹھائے گئے موٹر سائیکلوں اور کاروں کے لفٹنگ چارجز معاف کر دیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی نے کراچی کے شہریوں سے کہا کہ افطار کے بعد اٹھائی گئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بغیر جرمانے کے واپس کر دی جائیں گی۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے والی جگہوں پر پارکنگ سے گریز کریں۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو غیر ضروری چالان جاری کرنے سے روک دیا گیا ہے اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ون وے اور غلط رویہ کی خلاف ورزی پر چالان کریں۔