قیام امن کے لئے آخری حد تک جائیں گے،محسن نقوی

138

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ قیام امن کے لئے آخری حد تک جائیں گے،دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو وطن عزیز میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

پشاور میں ایف سی ہیڈ کوارٹر آمد پر کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا جس کے بعد انہوں نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی کے شہدا ء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں نے قیام امن کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایف سی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس بھی منعقد ہوا۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ایف سی کو مزید موثر فورس بنایا جائے گا۔ ایف سی ہیڈ کوارٹر جلد دوبارہ آئوں گا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہا ہے۔اتحاد کی قوت سے اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی ہیڈ کوارٹر کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ کمانڈنٹ ایف سی نے ادارے کی کارکردگی اور دیگر امور کے بارے آگاہ کیا۔