پنجاب کے 6 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کے ابتدائی مرحلے کا آغاز

244

لاہور: صوبہ پنجاب کے 6 اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم کے ابتدائی مرحلے کا آغاز کر دیا گیا۔

ملتان، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، راجن پور، قصور، اوکاڑہ میں ابتدائی مرحلے کا آغازکر دیا گیا۔پولیو ویکسین سے محروم بچوں کو قطرے پلانے کا کام جاری  ہے۔

تین روز میں 45 لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، 2 لاکھ 34 ہزار مہمان بچوں کو قطرے پلائے گئے۔

رحیم یار خان میں 10 لاکھ سے زائد بچوں کو، ڈیرہ غازی خان میں 7 لاکھ سے زائد جبکہ راجن پور میں 5 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے ۔فیصل آباد میں 4 لاکھ سے زائد بچوں کو، قصور میں تقریبا ً2 لاکھ، ملتان میں 9 لاکھ سے زائد جبکہ اوکاڑہ میں 6 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے۔

مہم کا انعقاد پنجاب کے 7 اضلاع میں کیا جا رہا ہے،فیصل آباد میں مہم سات دن تک جاری رہے گی۔ قصور، فیصل آباد میں مہم مخصوص علاقوں میں منعقد کی جا رہی ہے۔

انسداد پولیو مہم کے دوران 51 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، مہم میں 30 ہزار پولیو ورکر حصہ لے رہے ہیں۔

اس حوالے سے پنجاب انسداد پولیو پروگرام سربراہ خضر افضال نے کہا کہ کیچ اپ میں ٹیمیں ہر گھر کو دوبارہ وزٹ کریں، رہ جانیوالے بچے کو قطرے پلائے جائیں، وائرس کے خاتمے کے لئے ہر بچے کو  پولیو سے بچائو کے قطرے پلانا لازمی ہے۔

خضر افضال نے کہا کہ والدین پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں، والدین انسداد پولیو ٹیموں کو مہمان بچوں سے متعلق آگاہ کریں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پنجاب 2020 سے پولیو کیسوں سے پاک ہے، آبادی کی نقل و حمل سے پنجاب میں وائرس دوبارہ داخل ہو سکتا ہے۔ وائرس کو روکنے کے لئے داخلی، خارجی راستوں پر قطرے پلائے جا رہے ہیں۔