شانگلہ حملہ؛ صدر مملکت چینی سفارتخانے پہنچ گئے، اظہار تعزیت

219

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری چینی سفارت خانے پہنچ گئے جہاں انہوں نے شانگلہ حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صدر آصف زرداری نے چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور شانگلہ خودکش حملے میں 5 چینی شہریوں کے ہلاک ہونے کے واقعے پر پاکستانی حکومت اور قوم کی جانب سے اظہار تعزیت کیا۔

صدر مملکت کی آمد کے موقع پر چینی سفیر نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر صدر زرداری نے شانگلہ خودکش حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانی دکھ کے اس وقت میں چینی عوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پاک چین دوستی کو مضبوط ہوتے دیکھنا نہیں چاہتے۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کہیں بھی کام کرنے والے چینی شہریوں کے لیے حفاظتی اقدامات مزید بہتر کیے جائیں گے۔ حالیہ حملہ دراصل پاک چین دوستی پر حملے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کے دشمن خطے میں امن و سلامتی کو برداشت نہیں کررہا۔ پاکستان دہشت گردوں کے ان ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے اپنی کوششیں رکھے گا۔ دہشت گردوں کو خطے کا قیام خراب کرنے کی کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس موقع پر چینی سفیر نے صدر زرداری کا سفارت خانے آنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں کام کرنے والے چینی کارکنوں کی سیکورٹی اور دونوں ممالک کے مابین انسدا د دہشت گردی کے سلسلے میں تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔