فلسطینیوں کی شہادت کے  ذمہ دار امریکا و اسرائیل کے ساتھ مسلم حکمران بھی ہیں، حافظ نعیم

272

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ غزہ میں خواتین اور بچوں سمیت 32ہزار فلسطینیوں کی شہادت کی ذمہ داری اقوام متحدہ کے دہرے معیار، امریکا و اسرائیل کی کھلی دہشت گردی و جارحیت ہی نہیں عالم اسلام کے حکمرانوں پر بھی عائد ہو تی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  غزہ کی صورتحال پر مسلم حکمرانوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، قبلہ اول کی آزادی اور اہل فلسطین کے لیے آواز بلند کرنا ہرمسلمان کے ایمان وعقیدے کا حصہ ہے، جماعت اسلامی کے تحت 30مارچ کو11بجے شب شاہراہ قائدین پر”شب یکجہتی غزہ“ منعقد کی جائے گی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  اہل کراچی اور ہر شعبہ زندگی سے وابستہ افراد اپنی فیملیز کے ہمراہ شب یکجہتی غزہ  میں بھرپور شرکت کریں، عوام فلسطین ریلیف فنڈ میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اوراسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی کریں، اہل غزہ کے لیے الخدمت کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، الخدمت کا ریلیف سیٹ اپ رفع کراسنگ کے قریب قائم ہے اور کئی امدادی قافلے روانہ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی سمیت پورا سندھ مسلح ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہے اور عوام پیپلز پارٹی کی حکومت میں مسلسل کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کا نشانہ بن رہے ہیں، رواں سال کراچی میں مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں 44شہری اپنی جان گنوا بیٹھے اور ہزاروں افراد اپنی قیمتی اشیاء اور نقدی سے محروم ہو گئے، صرف اپنی پسند کا آئی جی لگانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔