برطا نوی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار کو فون،افغانستان اور غزہ کی صورتحال پر گفتگو

408
phone call to Ishaq Dar

اسلام آباد:  وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو برطانیہ کے خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور کے وزیر لارڈ ڈیوڈ کیمرون نے پیر کو ٹیلی فون کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بطور وزیر خارجہ تقرری پر مبارکباد کے پیغام پر برطانوی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے برطانیہ کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان کثیر الجہتی تعاون کے ساتھ دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ تعلقات کو اگلی سطح تک لے جانے کے لیے بہتر سٹریٹجک پارٹنرشپ (ای ایس پر) معاہدہ جلد کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری، عوام سے عوام کے رابطوں اور ماحولیات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے خاص طور پر برطانیہ میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پی آئی اے کی پروازوں کو جلد از جلد بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس سے روابط کو مزید تقویت ملے گی۔

دونوں وزرا نے افغانستان اور غزہ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے لارڈ کیمرون کو باہمی طور پر مناسب تاریخوں پر دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔۔