حماس : اسرائیلی جارحیت کے جواب میں جوابی حملے

230

غزہ: فلسطینی عسکری تنظیم حماس نے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں جوابی حملے کرنے کا دعوی کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے الشفا اسپتال کا محاصرہ کرنے والی اسرائیلی فوج پر جوابا متعدد حملے کیے ہیں۔

حماس نے القسام بریگیڈ کی 2 دنوں میں اسرائیلی فوجیوں اورٹینکوں پر حملوں کی ویڈیو بھی جاری کردی ہے، جس میں عمارت میں مورچہ بند اسرائیلی فوجیوں کواسنائپرگن سے نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔

حماس کے مطابق الشفا اسپتال کے گرد تین اسرائیلی ٹینکوں کو الیاسین راکٹ سے نشانہ بنایا گیا ہے، اسرائیلی فوج نے الشفا میڈیکل کمپلیکس میں متعدد سہولیات کو تباہ کردیا، اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کے اردگرد کی عمارتوں پربھی بمباری کی اور الشفا اسپتال سے بے گھر افراد کو حراست میں لے لیا۔

اسرائیلی فوج اور حزب اللّٰہ کے درمیان جھڑپیں بھی جاری ہیں، حزب اللّٰہ کے راکٹ حملے میں ایک اسرائیلی ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر فضائی اور بحری حملے کے بعد زمینی حملے کی تیاری جاری ہے، اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ کے اگلے مرحلے کی دھمکی دے دی۔

اسرائیلی اخبار نے غزہ پر قبضے کے منصوبے کی کہانی سنا دی، غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینوں کی تعداد 2329 ہوگئی، حملوں میں شہید فلسطینیوں کی میتیں رکھنے کے لیے اسپتالوں کے مردہ خانوں میں جگہ کم پڑنے لگی۔

عرب میڈیا کے مطابق شہداء کی میتیں آئس کریم ٹرکس اور ریفریجریٹر گاڑیوں میں رکھی جا رہی ہیں۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 9 ہزار 714 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔